اتوار 22 دسمبر 2024 - 08:00
قوموں کی عزت اور شرافت ان کے استقلال و آزادی میں مضمر ہے

حوزہ/ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: سامراج و استکبار ہر دور میں قوموں کو کمزور اور مستضعف گردان کر ذلیل و خوار کرتا ہے، سامراج جس مخصوص راستے سے آتا ہے اس کو روکنا اور بند کرنا ضروری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: قوموں کی عزت اور شرافت ان کے استقلال و آزادی میں مضمر ہے۔ سامراج و استکبار ہر دور میں قوموں کو کمزور اور مستضعف گردان کر ذلیل و خوار کرتا ہے، سامراج جس مخصوص راستے سے آتا ہے اس کو روکنا اور بند کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا: ثابت قدمی، پامردی، ضبط و تحمل سے اپنے موقف پر جمے رہنا، قائم رہنا کسی قوم یا ملک کی مستقل حیثیت، آزادی خود مختاری کو باور کراتا ہے۔

قائد ملت جعفریہ نے مزید کہا: ہر سماج کے اپنے اصول، اپنی حدود ،اپنی روایات و معاشرتی اقدار ہیں جنہیں مدنظر رکھاجانا ضروری ہے ،معاشرے میں حقوق کیلئے آواز بلند کرنا بلاتفریق سب کا حق ہے جسے سلب نہیں کیا جاسکتا ، عالمی سامراج اپنے ایجنڈے کے تحت کام کرتا ہے ترقی یافتہ ممالک سمیت غریب ممالک سب کے سب عالمی سامراجی قوتوں کے سامنے بے بس نظر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا: سورۂ نمل میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ "جب ملوک کسی بستی میں داخل ہوتے ہیں تو اسے تباہ کرتے ہیں اور اس کے عزت داروں کو ذلیل کرتے ہیں اور یہ اسی طرح کرتے رہیں گے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: کسی ملک یا خطے کو اپنے سیاسی اختیار میں لا کے وہاں کے باشندوں کو مستضعف گرداننا سامراج کا خاصا ہے۔ یہ نظام معاشرے کیلئے نامناسب اقتصادی، سماجی، تہذیبی اور جغرافیائی مسائل پیدا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا: اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو میانہ روی کے ذریعہ قومی زندگی اور سلامتی کو ایک پیہم اور مستقل جدوجہد کے ذریعے برقرار ررکھتا ہے ۔ جس میں ہر لحظہ شعور اور تدبرکی بنا پر حالات کو قومی مفاد کے لئے سازگار بنایا جاتا ہے یہی ایک طریقہ ہے جس سے ہم عصر حاضر کی ناہمواریوں،درپیش مسائل و چیلنجز اور معاشی جکڑ بندیوں کے دباﺅ کا مقابلہ کامیابی سے کر سکتے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .